Light
Dark

کالا پل سگنل کے قریب وکلاء کی جانب سے محمود آباد پولیس کے خلاف احتجاج

کالا پل سگنل کے قریب وکلاء کی جانب سے محمود آباد پولیس کے خلاف احتجاج کے باعث شدید بدامنی پھیل گئی ہے، جس سے علاقے میں بدترین ٹریفک جام کا سامنا ہے۔ احتجاجی وکلاء نے کالا پل کے قریب پتھراؤ کیا، جس سے حالات کشیدہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج اس وقت شروع ہوا جب وکلاء نے ہزارہ کالونی کے قریب ایک 15 سے 16 سالہ لڑکے کو مارا پیٹا۔ اس واقعے کے بعد لڑکا اپنے بڑوں کے ساتھ واپس آیا اور معاملہ جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا، جس کے بعد احتجاج نے شدت اختیار کی۔
وکلا برادری کا احتجاج ابھی تک جاری ہے، اور محمود آباد پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔ احتجاج کے باعث کالا پل اور اس کے اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی کے باعث عوام اور وکلاء آمنے سامنے آگئے ہیں، اور صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ نے حالات پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردی ہیں تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جاسکے اور ٹریفک کی روانی بحال کی جاسکے