کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان محافظ میں گھریلو ملازمہ نے بنگلے کا صفایا کردیا، گھریلو ملازمہ بنگلے سے نقدی، غیرملکی کرنسی، زیورات لے اڑی، ماسی نے مالکان کو جعلی شناخت بتارکھی تھی۔
گھریلو ملازمہ 20 لاکھ روپے، 10 ہزار ڈالر، 32 تولہ زیورات لے گئی۔
پولیس نے اطلاع پر پہنچ کر شواہد حاصل کرلیے، پولیس کو گھریلو ملازمہ کے فرار ہونے کی ویڈیو بھی مل گئی ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملازمہ نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 30 لاکھ کی واردات کی ہے
متاثڑین نے بتایا کہ ملازمہ کو گھر کے کام کے لٸے 20 روز قبل ہی رکھا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور متاثرین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں، متاثرین کی جانب سے لوٹے جانے والی چیزوں کا تخمینہ لگا کر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لیاقت آباد کے علاقے میں گھریلو ملازمہ نے مالکن کو چائے میں نشہ آور چیز پلا کر گھر کا صفایا کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق سحر نامی ملازمہ گھر سے 87 لاکھ مالیت کے زیورات، دس لاکھ نقدی اور دیگر قیمتی سامان چرا کر اپنے ساتھ لے گئی، پولیس نے متاثرہ شہری توصیف کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ شہری نے پولیس کو بتایا کہ سحر نامی گھریلو ملازمہ نے چائے میں نشہ آور چیز پلا کر واردات کی تھی۔