حکومت سندھ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت بھی گھر بیٹھے دینے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ یکم جنوری سے گاڑیوں سے رجسٹریشن اور ٹرانسفر بھی آن لائن ہوجائے گی۔
محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں شرجیل میمن نے کہا کہ آن لائن سسٹم سے عوام کو سہولت ملے گی اور کیش ڈیلنگ ختم ہونے سے شفافیت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس اب نہیں چلیں گی، کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
سینئر وزیر نے ٹیکس ٹارگٹس بڑھانے اور ٹیکس وصولیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایکسائز نے حالیہ مالی سال کے ٹیکس ٹارگٹ کا 34 فیصد وصولی کر لیاجو خوش آئند بات ہے۔ سرکاری نمبر پلیٹس لگانے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جائے اور نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس ادائگی اور نمبر پلیٹس کی چیکنگ کے لئےمزید اقدامات کئے جائیں۔ نقد ڈیلنگ ختم ہونے سے عوام کو بہترین سہولت ملے گی اور شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔ حکومت سندھ کے ویژن کے تحت ٹیکس ادائیگی کا نظام مزید آسان ہوجائے گا۔ ان تمام اقدامات کا مقصد عوام کی دشواریوں کا خاتمہ ہے۔
پریمئم اور پرسنل نمبر پلیتس کی آن لائن نیلامی کو مزید تیز کرنے کے لئے مہم چلائی جائےاور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کو یقینی بنائے جائے۔ آن لائن نیلامی سے جمع ہونے والی رقم سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کے لیے دی جائے گی۔