ایک طرف اسرائیل میں جدید ترین تھاڈ میزائل دفاعی سسٹم نصب ہو گیا ہے، تو دوسری طرف ایران میں بھی ’ارمان‘ نامی نیا دفاعی سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں ایرانی حملوں سے بچاؤ کے لیے جدید ترین امریکی میزائل دفاعی نظام ’تھاڈ‘ نصب کر دیا گیا ہے، تھاڈ کی تنصیب سے اسرائیل کے پہلے سے طاقت ور اینٹی میزائل دفاعی نظام کو مزید تقویت مل گئی ہے۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے انکشاف کیا ہے کہ ’THAAD‘ میزائل شکن نظام اب اسرائیل میں اپنے ’’مقام پر‘‘ ہے، آسٹن نے وضاحت کی کہ ’’یہ نظام اب اپنی جگہ پرموجود ہے، ہم یہ نہیں کہیں گے کہ یہ کام کر رہا ہے یا نہیں، لیکن ہم اسے بہت تیزی سے چلانے کے قابل ہیں۔‘‘
ایران کا میزائل ڈیفنس سسٹم ارمان
دوسری طرف تھاڈ کا سامنا کرنے کے لیے ایرانی فضائی دفاعی نظام بھی فعال ہو گیا ہے، ایران نے بھی اسرائیل کے آئرن ڈوم اور امریکی تھاڈ نظام کا مقابلہ کرنے کے لیے نیا دفاعی نظام بنانا شروع کیا تھا، ایران نے بیلسٹک ڈیفنس سسٹم کو ’ارمان‘ کا نام دیا ہے، جس کا تجرباتی مرحلہ مکمل ہونے کے قریب ہے۔
برکس سربراہ اجلاس، ایران سے اہم معاہدے، سعودی عرب کا اسٹیٹس واضح کیا جائے گا
ارمان بیلسٹک ڈیفنس سسٹم 180 کلو میٹر کی حدود میں میزائل اور ڈرونز کا پتا لگا سکتا ہے، ارمان سسٹم ’صیاد 3 ایف‘ میزائل استعمال کرتا ہے، جو صیاد تھری کا نیا ورژن ہے اور فضا میں عمودی طور پر لانچ ہوتا ہے۔
ارمان سسٹم کو دشمنوں کے جدید میزائل سسٹمز سے درپیش مخصوص چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے ایران کی جدید گائیڈڈ گولہ بارود اور دیگر جدید ترین فضائی حملوں سے دفاع کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔