Light
Dark

حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ترجمان جے یو آئی پنجاب کا ردعمل

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے حالیہ بیان پر ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیز نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن “گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر میچ کھیل رہے ہیں” اور ان کا بیان ان کے منصب سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ملک بھر کے علماء اور دینی حلقے جن اقدامات کی تحسین کر رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمن ان پر منفی ردعمل دے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ “حافظ نعیم الرحمن اپنے بیان کے ذریعے انگور کھٹے ہونے کا اقرار کر رہے ہیں۔”

حافظ غضنفر عزیز نے یاد دلایا کہ راولپنڈی دھرنے میں سود کے مسئلے پر ایک لفظ تک نہیں بولا گیا، لیکن آج جے یو آئی کی کامیابی پر تنقید کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ “راولپنڈی دھرنے میں ہزاروں لوگوں کو بٹھا کر کیا حاصل کیا، جبکہ اس کی ناکامی آج پوری قوم کے سامنے واضح ہے۔”

ترجمان نے واضح کیا کہ اپنی ناکام سیاسی پالیسی کا اثر دوسروں پر تنقید کرکے نہیں بلکہ اپنی کارکردگی دکھا کر زائل کیا جائے۔ انہوں نے جمعیۃ علماء اسلام اور مولانا فضل الرحمن کو قوم کے دلوں کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے قوم سے دور نہیں کیا جا سکتا۔