ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کیلیے اہم خبر
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں سے اس پر دی جانے والی سبسڈی واپس لے لی۔
اکتوبر سے اس زمرے میں آنے والے صارفین 9 سے 29 روپے فی یونٹ ادا کریں گے کیونکہ انہیں بلوں میں مزید ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا۔
50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین سے 9.39 روپے جبکہ 51 سے 100 یونٹ استعمال کرنے والوں سے 13.64 روپے فی یونٹ چارج لیا جائے گا۔ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلیے بجلی کا فی یونٹ 29 روپے 21 پیسے ہوگا۔
سبسڈی ختم ہونے سے پروٹیکٹڈ صارفین پر اضافی بوجھ پڑے گا۔
دریں اثنا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مقررہ تاریخ کے بعد ادا کیے جانے والے بجلی کے بلوں کیلیے نئی سرچارج پالیسی کا اعلان کردیا۔
پالیسی کے مطابق مقررہ تاریخ سے تین دن کے اندر ادائیگیوں پر 5 فیصد سرچارج جبکہ تین دن کے بعد ادائیگی 10 فیصد سرچارج لاگو ہوگا۔
اس سے قبل، زائد المیعاد بلوں پر یکساں 10 فیصد تاخیر سے ادائیگی کا چارج لگایا گیا تھا، تاہم نئی پالیسی کا مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔