اسلام آباد : چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ آج چیمبر ورک پر چلے گئے، اس دوران وہ فیصلے لکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائزعیسیٰ آج چیمبر ورک پر چلے گئے، ذرائع نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ چیمبر ورک کےدوران فیصلے لکھیں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مدت ملازمت مکمل ہونے پر پچیس اکتوبر کوریٹائرہوجائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جسٹس منصورعلی شاہ کا بنچ کمرہ عدالت نمبر ایک میں منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب نئے چیف جسٹس کے تقرر کیلئے 3 سینئر ججز کے ناموں پر پارلیمانی کمیٹی آج غور کرے گی، پہلے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی مقرر کیا جائے گا۔
چیف جسٹس کیلئے وزارت قانون کے ذریعے تین سینیئر موسٹ ججوں کا پینل مانگا جائے گا، بارہ رکنی کمیٹی تین سینئر ترین ججوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے گی۔
یاد رہے چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے بطور چیف جسٹس پاکستان آخری ہفتے کا ججزروسٹر جاری کیا تھا۔
جس کے مطابق رواں ہفتے 6 ریگولربنچز سماعت کریں گے، کورٹ روم نمبر ون میں چیف جسٹس تین رکنی بنچ کی سربراہی کرینگے۔بنچ میں جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔
بنچ ٹو کی سربراہی جسٹس منصور علی شاہ کریں گے ،۔ جس میں جسٹس عائشہ ملک اورجسٹس عقیل بلال عباسی شامل ہیں۔
بنچ 3جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہوگا جبکہ بنچ 4میں جسٹس یحییٰ ٰآفریدی،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بنچ 5میں جسٹس امین الدین،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت شامل ہیں جبکہ بنچ 6میں جسٹس جمال مندوخیل،جسٹس مسرت ہلالی ،جسٹس ملک شہزاد احمد شامل ہیں۔