وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اہم دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ استنبول ائیرپورٹ پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جیند اور وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر جنرل مہمت علدی سمیت اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
محسن نقوی اس دورے کے دوران استنبول میں ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس کی دعوت ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے دی ہے۔ وہ اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں مختلف اہم موضوعات پر بحث کی جائے گی۔
دورے کے دوران، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ترکیہ کی کابینہ کے وزراء اور مرکزی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون کو مستحکم بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ، سکیورٹی، اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، اور ترکیہ ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیتا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس دورے کا مقصد پاک ترکیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھل سکیں۔