Light
Dark

کراچی: سونے کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ

کراچی: سونے کی قیمتوں نے 1979ء اور 2011ء کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جس کی وجہ امریکی صدارتی میراتھن اور مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی ہے۔

اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق، عالمی منڈی میں سونے کی قیمت فی اونس 5 ڈالر کے اضافے سے 2726 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ سونا 500 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 82 ہزار 300 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت 429 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 42 ہزار 27 روپے ہو گئی ہے۔

یروشلم پوسٹ نے مزید بتایا کہ 1979ء میں مشرقِ وسطیٰ سے توانائی کے بحران کے باعث سونے کی قیمتیں بڑھی تھیں، جبکہ 2011ء میں دنیا بھر کے بینکوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوا تھا۔ دونوں مواقع پر سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، لیکن اس کے بعد خاطر خواہ کمی بھی آئی۔

تاہم، 2024ء میں سونے کی قیمتوں میں کمی کی امید کم ظاہر کی جا رہی ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔