اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج تاریخی دن ہے، اب کسی وزیر اعظم کو گھر نہیں بھیجا جاسکے گا۔
26ویں آئینی ترمیم کی دوتہائی اکثریت سے منظوری کے بعد وزیر اعظم نے قومی اسمبلی سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ آج نیا سورج طلوع ہوگا جس کی روشنی پورے ملک میں ہوگی، پہلے منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا جاتا تھا جو اب نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج لاکھوں لوگ انصاف کیلئے ترس رہے ہیں اس ترمیم سے انصاف کا حصول آسان ہوگا، یہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی شاندار مثال ایک بار پھر قائم ہوئی ہے۔
آج میثاق جمہوریت کا ادھورا خواب پایہ تکمیل کو پہنچ گیا، میثاق جمہوریت پر دستخط 2006میں لندن میں ہوئے تھے، جس پر قائد نوازشریف، شہید بینظیر بھٹو اور مولانافضل الرحمان نے بھی دستخط کئے تھے۔
،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئینی ترمیم کا حصہ بننے والی تمام جماعتوں کے ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو نے خلوص دل سے بےپناہ محنت کی۔ اپنی ناراضی اور زوردار دلائل کے بعد مولانا فضل الرحمان نے بھی اپنا اہم کردار ادا کیا، کاش پی ٹی آئی بھی اس میں شامل ہوتی تو بہت اچھا ہوتا.
واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی 26ویں آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت سے منظور کرلی گئی، ترمیم پیش کرنے کے حق میں 225 جبکہ مخالفت میں 12 اراکین نے ووٹ دیا۔
قومی اسمبلی میں 26ویں آئینی ترمیم کی تحریک وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔ جس کے بعد اسپیکر سردار ایاز صادق نے بتایا کہ 225 اراکین نے آئینی ترمیم پیش کرنے کی تحریک کے حق میں ووٹ دیئے جبکہ تحریک کی مخالفت میں12ووٹ آئے۔