Light
Dark

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی انتھک کوششوں کی بدولت یہ ترمیم منظور ہوئی، جو آئینی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا۔ “جس آئین کو نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا تھا، نواسے بلاول نے اس کی تکمیل کی،” انہوں نے اظہار خیال کیا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئینی عدالت اور ججز کی متناسب نمائندگی کا خواب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا تھا، اور چیئرمین بلاول نے اس خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ “آئین سازی کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے پر تمام جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔” وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اور آئینی اصلاحات کے ذریعے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

یہ ترمیم نہ صرف عدلیہ کی آزادی کو فروغ دے گی بلکہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کی طرف بھی ایک قدم ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی آئینی اصلاحات کی راہ پر گامزن ہے، جو کہ پاکستان کی مستقبل کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔