Light
Dark

ایلون مسک کا ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے لاکھوں ڈالر اُڑانے کا اعلان

ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے لاکھوں ڈالر اُڑانے کا اعلان کر دیا ہے، دنیا کے امیر ترین شخص نے روزانہ ایک فرد کو ایک ملین ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔
’’امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو ووٹ دینے کا وعدہ کرو اور لاکھوں ڈالر کماؤ‘‘ اس اعلان کے ساتھ امریکی ارب پتی نے خزانوں کے منہ کھول دیے ہیں۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے امریکی صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ڈالرز کے انبار لگا دیے، انھوں نے پنسلوینیا میں پٹیشن پر دستخط کرنے والوں کو 5 نومبر تک روزانہ دس لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
مسک نے وعدہ بنھاتے ہوئے ریاست پنسلوینیا کے ایک رجسٹرڈ ووٹر کو دس لاکھ ڈالرز کا چیک بھی دے دیا، لاٹری سے انعام جیتنے والا پہلا ووٹر اپنا نام سن کر حیران رہ گیا، اس ووٹر کا انتخاب ایلون مسک کے تشکیل کردہ امریکا پیک گروپ نے قرعہ اندازی کے ذریعے کیا۔
ایلون مسک کی جانب سے پیش کردہ پٹیشن پر دستخط کرنے کے بعد اب تک 2 افراد یہ انعامی رقم جیت چکے ہیں۔ مسک کے اس اقدام نے نہ صرف پنسلوینیا کے گورنر جوش شاپیرو بلکہ قانون دانوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، اور انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کا نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے 1 ملین ڈالر دینے کا اعلان ہفتے کے روز ہیرسبرگ میں ٹرمپ کی حمایت میں منعقدہ تقریب میں کیا تھا، انھوں نے کہا تھا ’’میرے پاس آپ کے لیے ایک سرپرائز ہے، ہم ان لوگوں کو 1 ملین ڈالر دینے جا رہے ہیں جنھوں نے پٹیشن پر دستخط کیے ہیں – ہر روز، اب سے الیکشن تک۔‘‘
خیال رہے کہ پنسلوینیا صدارتی الیکشن میں ایک اہم سوئنگ اسٹیٹ ہے، جس میں ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔