Light
Dark

ایوان صدر میں ہونے والی 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط

اسلام آباد : ایوان صدر میں ہونے والی 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی کردی گئی، نئے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں چھبیسویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی کر دی گئی۔
ارکان قومی اسمبلی نے بتایا کہ دستخط کی تقریب ملتوی ہونے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے تاہم ایوان صدر میں تقریب کے انعقاد کا نیا وقت نہیں بتایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری معمول کے مطابق آئینی ترمیم پر دستخط کریں گے، ان کے دستخط کے بعد ترمیم آئین کا حصہ بن جائے گی۔
ایوان صدرسیکریٹریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ایوان صدرمیں ترمیم پر دستخط کی تقریب آج دن میں کسی وقت ہوگی۔
اس سے قبل آئینی ترمیم پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کی تقریب صبح 6 بجے منعقد کی گئی تھی تاہم اب اسے ملتوی کردیا گیا ہے، تقریب کیلئے صبح 8 بجے کے وقت کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے حکومت سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی دوتہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے، قومی اسمبلی میں بھی چھبیسویں آئینی ترمیم کی شق وارمنظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں : قومی اسمبلی میں 26 ویں آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت سے منظور
ترمیم  کے حق میں 225 اراکین نے اور مخالفت میں بارہ اراکین نے ووٹ دیے، ترمیم کی شق وارمنظوری کےدوران تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کےاراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
شق وار آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ کاعمل مکمل کیا گیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام پانچ بجےتک ملتوی کردیا گیا۔
خیال رہے وزیر قانون آئینی ترمیم کے اہم نکات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ تین سینئرترین ججوں میں سےچیف جسٹس کاانتخاب کیاجائے گا، چیف جسٹس کے منصب کی میعاد تین سال ہوگی، آئینی عدالت کے بجائے آئینی بینچ بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کیا گیا قاضی فائزعیسیٰ کو رکھنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے لیکن چیف جسٹس واضح کرچکےتھےتوسیع نہیں چاہتے۔