Light
Dark

ملازمین لندن میں غیرمنصفانہ برطرفی کا کیس جیت گئے

لندن : قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) کے 8 سابق ملازمین لندن میں غیرمنصفانہ برطرفی کا کیس جیت گئے، ملازمین کو پانچ لاکھ پاؤنڈ ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) کے آٹھ سابق ملازمین کی غیرمنصفانہ برطرفی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
لندن کی عدالت نے قومی ایئر لائن کے سابق ملازمین کو پانچ لاکھ پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا کہ اس معاملے میں ایمپلائمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
قومی ایئر لائن نے آٹھ ملازمین کو دو سال قبل ملازمت سے برطرف کر دیا تھا، جس کے بعد ملازمین نے برطرفی کیخلاف لندن کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔
ملازمین نے مؤقف اختیار کیا تھا ان کو غیرمنصفانہ طور پر ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔
قومی ایئر لائن کے ملازمین پانچ سے پندرہ سال کے عرصے سے وابستہ تھے تاہم اب عدالتی فیصلے کے بعد قومی ایئر لائن کو ملازمین کو پانچ لاکھ پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔