کراچی : لیاری گینگ وار ملانثار کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں چھین کربلوچستان میں سپلائی کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وارملانثار کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ ملزم سے ایک ہینڈگرینیڈ،چوری کی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
عارف عزیز نے کہا کہ ملزم کوتھانہ چاکیواڑہ کی حدودسےگرفتارکیاگیا،شناخت اویس کےنام سےہوئی ہے، ملزم لیاری گینگ وار ملانثارگروپ کیلئے بھتہ خوری،اسمگلنگ اور منشیات فروشی کرتاتھا۔
ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزم شہر کےمختلف علاقوں سےاسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں سپلائی کرتا تھا جبکہ مختلف ڈکیت گروپوں کو لیڈ، ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہے اور موٹر سائیکل اسنیچنگ کرتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے اصغر نامی ملزم سے جو بیرون ملک موجود ہے کے کہنے پر پنجاب میں بھی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔
ایس ایس پی سٹی نے مزید کہا کہ ملزم منشیات، اسمگلنگ اورایرانی ڈیزل، پیٹرول کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے اور اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف تھانہ چاکیواڑہ میں مقدمہ درج،مزیدکارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔