Light
Dark

رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع 31 اکتوبر سے شروع ہوگا

رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع 31 اکتوبر سے شروع ہوگا، پہلے حصے میں لاہور، پشاور ،ملتان کوئٹہ کے لاکھوں افراد شرکت کریں گے

اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 نومبر سے شروع ہوکر 10 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا

لاہور (خبر ایجنسیاں) رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع 31 اکتوبر بروز جمعرات سے شروع ہوگا، اجتماع دو حصوں میں ہوگا ۔ تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع امسال بھی دو حصوں میں منعقد ہو گا، پہلے حصے میں لاہور، پشاور، ملتان اور کوئٹہ ڈویژن کے لاکھوں افراد شرکت کریں گے، پہلے حصے کی اختتامی دعا 3 نومبر بروز اتوار کو نماز فجر کے بعد ہوگی۔

اسی طرح اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 نومبر بروز جمعرات کو بعد از نماز عصر شروع ہوکر 10 نومبر بروز اتوار کو اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا ،دوسرے مرحلے مےں فیصل آباد ،سوات ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کراچی ڈویژن کے احباب شرکت کریں گے ۔ امسال اجتماع میں شرکاء کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر وسیع ترین انتظامات کیے جارہے ہے ہیں، ریلوے حکام کی جانب سے کراچی سے رائے ونڈ کے لئے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی ، ریلوے حکام کی جانب سے مندوبین کی سہولیات کے لئے خاطر خواہ انتظامات کیے جارہے ہیں ۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ ،ریلوے پولیس ، پنجاب پولیس ،بم ڈسپوزل سکواڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،لیسکو ،ایم سی ایل سمیت دیگراداروں کی جانب سے انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔