بھارت کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف بنگلورو ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پوری ٹیم کے 46 پر ڈھیر ہونے کو اپنی غلطی قرار دیا ہے۔
بنگلورو ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے روہت شرما نے بھارتی ٹیم کے پہلی اننگ میں صرف 46 رنز پر ڈھیر ہونے پر کوئی توجیہہ پیش کیے بغیر پہلے بیٹنگ کرنے کے اپنے فیصلے کو غلط تسلیم کر لیا ہے۔
روہت شرما نے کہا کہ میچ کا پہلا روز بارش کی نظر ہونے کے باوجود دوسرے روز کھیل شروع ہونے پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط رہا۔ ہم پچ کا اندازہ نہ لگا سکے، ہمارا خیال تھا کہ پچ پر زیادہ گھاس بھی نہیں تھی، اس لیے سوچا کہ یہ پہلے سیشن یا اس کے بعد سیمرز کو زیادہ مدد نہیں دے گا، تاہم کچھ ہماری شاٹ سلیکشن بھی غلط تھی۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ یہ یقیناً ہمارے لیے ایک برا دن تھا۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ آپ کچھ کرنے کا ارادہ کرتے ہیں لیکن اس کا الٹ ہو جاتا ہے۔
اس ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے وہ آخری بار 2016 میں ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے آئے تھے۔
اس حوالے سے بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم کے ایل راہول کی چھٹے نمبر کی پوزیشن کو چھیڑنا نہیں چاہتے تھے جب کہ ڈومیسٹک میں نمبر چار پر بہترین پرفارمنس کرنے والے سرفراز کی پوزیشن بھی بدلنا نہیں چاہتے تھے کیونکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے ہیں، اس لیے تیسرے نمبر پر صرف ویرات کوہلی ہی ایسے بلے باز تھے جو یہ ذمے داری لے سکتے تھے اور وہ اس پوزیشن کے لیے رضامند بھی تھے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے بنگلورو ٹیسٹ کا دوسرا اور کھیل کا پہلا دن اپنے نام کیا۔ بھارتی ٹیم کو پہلی اننگ میں 46 رنز پر ڈھیر کر دیا جو میزبان ٹیم کا اس کی اپنی سر زمین پر سب سے کم اسکور ہے۔
بھارت کے 5 بلے باز رنز کا کھاتہ بھی نہ کھول سکے جن میں ویرات کوہلی بھی شامل ہیں۔
اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں پر 384 رنز بنا چکی ہے اور اس کو پہلی اننگ میں 338 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور میچ میں بھارت کی پوزیشن انتہائی کمزور ہو چکی ہے۔