اسلام آباد : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا آخری دن ہے تاہم تاریخ میں توسیع ہوگی یا نہیں؟ اس حوالے سے ترجمان ایف بی آر کا اہم بیان آگیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے، جس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گوشوارے رات بارہ بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے، تجارتی تنظیموں، ٹیکس بارزکی درخواستوں پر 30 ستمبر کو گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں چودہ اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی۔
ایف بی آر نے کہا کہ تیرہ اکتوبر تک چوالیس لاکھ چھتیس ہزار سے زائد گوشوارے جمع ہوئے،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں اکیس لاکھ سڑسٹھ ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مالی سال دوہزار تئیس میں چونسٹھ لاکھ بیالیس ہزار سے زیادہ گوشوارے جمع ہوئے تھے جبکہ رواں مالی سال گوشواروں کے ساتھ ایک سو چودہ ارب روپے سے زائد ٹیکس بھی جمع ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یکم جولائی سے تیرہ اکتوبر تک دس لاکھ 35 ہزار نئے فائلرز نے رجسٹریشن کرائی ہے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں تقریباً چھ لاکھ بائیس ہزار نئے فائلر رجسٹرڈ ہوئے تھے۔