کراچی : پیپلز پارٹی نے کراچی میٹروپول پر ڈاکٹر شاہ نواز کے قتل کیخلاف مارچ کے شرکا پر پولیس کے تشدد کے واقعے پر معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کراچی میٹروپول میں ڈاکٹر شاہ نواز کے قتل کیخلاف مارچ کے شرکا پر پولیس کے تشدد پر اپنے پیغام میں لکھا ‘ ہم جمہوری جماعت ہیں، شہریوں کے حقوق کا احترام کرتے ہیں، پارٹی کے طرف سے مارچ کے شرکا سے معذرت خواہ ہوں۔’
شیری رحمان نے مزید لکھا مارچ کے شرکا سے بدسلوکی کے حوالے سے فون پر معافی مانگی ہے، ہم آج کی پولیس کارروائی سے بہت شرمندہ ہیں۔’
گذشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرین کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج ، شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آئے تو علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنےلگا، مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ مشتعل افراد نے پولیس موبائل کوآگ لگا دی۔
پولیس اور رینجرز نے میٹروپول کے علاقے سے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔
احتجاج کے باعث میٹروپول چورنگی اوراطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو گھنٹوں اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔