Light
Dark

کراچی کے موسم کے حوالے سے اہم بیان آگیا،

کراچی : چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کراچی کے موسم کے حوالے سے اہم بیان آگیا، جس میں انھوں نے شہر میں ہونے والی بوندا باندی کی وجہ بتائی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نارتھ ناظم آباد، بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن، سائٹ ایریا سمیت مختلف علاقوں میں آج صبح بوندا باندی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
شہر قائد کا مطلع جزوی ابر آلود ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں شمال مشرق سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے بحیرہ عرب میں موجود سسٹم کے زیر اثر بادلوں کی تشکیل ہوئی ، جو بوندا باندی کا باعث بن رہے ہیں۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ ڈپریشن کراچی کے جنوب مغرب سے تقریباً ایک ہزار بیس کلومیٹر کےفاصلے پر ہے تاہم امکان ہے، ڈپریشن طوفان کی شکل اختیارنہیں کرے گا اور عمان کی جانب بڑھ جائے گا۔
خیال رہے محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباو شدت اختیارکرگیا ہے لیکن پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں۔