Light
Dark

اسلام آباد میں سندھ پولیس کے جوان پر ہاتھ اٹھانے کی ویڈیو وائرل

ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو نے سندھ پولیس کے جوان پر ہاتھ اٹھانے کی وائرل ویڈیو کے معاملے پر اپنا موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ سے ایگلیٹ کورس کے لیے جوان اسلام آباد گئے تھے اور یہ تمام جوان پاس آؤٹ ہو چکے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لیا گیا ہے اور کسی کو بھی کسی پر ہاتھ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

فیض اللہ کوریجو نے کہا کہ اگر کوئی شکایت ہو تو ضابطہ اخلاق کے تحت باقاعدہ پروسیجر کو فالو کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرعام کسی کو تھپڑ مارنا یا تضحیک کرنا قابل قبول نہیں ہے اور اس قسم کے عمل کی اجازت بالکل نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس ایک یونیفارم ڈسپلن فورس ہے جو قواعد و ضوابط کی پابندی کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس اہلکار کی بے توقیری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ کمانڈنٹ اسلام آباد اس معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں، اور اظہار وجوہ (شوکاز) نوٹس کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔