ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے احکامات کے مدنظر پولیس نے انسداد جرائم کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران شہر میں انسداد جرائم کے تحت ڈاکوؤں کے ساتھ 22 مقابلے ہوئے، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 5 ڈاکو ہلاک اور 23 زخمی ہوئے۔ اس دوران 37 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 33 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 15 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
پولیس نے کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زونز میں مجموعی طور پر 721 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 102 کلو 94 گرام چرس، 2 کلو 867 گرام آئس/کرسٹل اور ہیروئین بھی برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال ہونے والے 132 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 48 موٹرسائیکلیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کیں۔
کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے کی جانے والی یہ اقدامات جاری رہیں گی۔