کراچی : شہر قائد کے علاقے گلبرگ میں تین سالہ بچی آمنہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو اہل محلہ نے پکڑلیا ، بچی کی لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی تھی۔
کراچی کےعلاقے گلبرگ میں 3 سالہ بچی آمنہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ گزشتہ روز قبائل کالونی میں ملزم نے 3 سالہ بچی آمنہ کو گلے میں پھندا لگا کر قتل کرکے فرار ہوگیا تھا، لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔
علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم علاقے کا رہائشی اور رکشہ ڈرائیور ہے، ملزم کی بچی کی لاش بوری میں لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم 3 سالہ بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو بوری میں لے کر جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بچی کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینکنے کے بعد فرار ہوگیا تھا، ملزم کی 2شادیاں ہوئیں ایک بیوی کو طلاق دے چکا ہے۔
مقتولہ بچی آمنہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ بہن بھائی مدرسے جانے کیلئے نکلے تو آمنہ بھی ان کے پیچھے گھر سے نکل گئی، والدہ تلاش کرتی رہی کچھ دیر بعد لاش گھر کے قریب کچرا کنڈی سے ملی۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ بچی سوا سات بجے گھر سے نکلی اور لاش پندرہ سے بیس منٹ بعد گلی سے ملی، بعد ازاں بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچی کے والد پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، عمرے پر گئے ہوئے ہیں، 12 اکتوبر کو ان کی واپسی ہے۔ حکام نے بتایا کہ آمنہ چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی، جس کے گلے میں پھندا لگائے جانے کے نشانات موجود ہیں۔