Light
Dark

سدھو موسے والا کے قتل سے 8 دن قبل انکے متعلق کیا پیشگوئی کی گئی تھی؟ حیران کن انکشاف

بھارت کے آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا سے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔

مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو  2022 میں قتل کیا گیا تھا اور گلوکار کی اچانک موت نے ان کے مداحوں کو دنیا بھر میں صدمے سے دوچار کیا۔

حال ہی میں بگ باس 18 کے امیدوار اور سیاسی رہنما تاجندر بگّا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک نجومی نے سدھو موسے والا کو ان کی موت سے پہلے خبردار کیا تھا اور ملک چھوڑنے کی تجویز دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس 18 کی حالیہ قسط میں تاجندر بگّا نے یہ انکشاف کیا کہ ایک نجومی جو ان کا قریبی دوست تھا، اس نے سدھو موسے والا کو آگاہ کیا تھا کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے اور انہیں جلد از جلد ملک چھوڑ دینا چاہیے۔

تاجندر کا کہنا تھا کہ سدھو نے نجومی کی بات مانی اور ملک چھوڑنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا لیکن پیشگوئی کے 8 دن بعد ہی سدھو موسے والا کو قتل کردیا گیا تھا۔

تاجندر نے مزید بتایا کہ انہوں نے بھی سدھو کو اس خطرے کے بارے میں آگاہ کیا تھا، اس واقعے کے بعد مذکورہ نجومی سے دوبارہ رابطہ کرکے مشورہ بھی طلب کیا۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو منسا ضلع کے ایک گاؤں میں ان کی گاڑی پر گولیاں برسا کر قتل کردیا گیا تھا۔