پیر 28 اپریل 2025ء
Light
Dark

لائبہ خان کا شادی کی خاطر شوبز کو خیرباد کہنے کا عندیہ

گزشتہ دنوں اداکارہ لائبہ خان نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کیریئر اور شادی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کےد وران لائبہ خان نے بتایا کہ مجھے اداکاری کا شوق نہیں تھا، میں اپنی چھوٹی بہن ایمان خان کے ساتھ شوٹنگ پر جاتی تھی جہاں ایک پروڈکشن ہاؤس کی خاتون نے مجھے الف نامی ڈرامے میں کردار کرنے کی پیش کش کی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے میں اداکارہ بن گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک شرمیلی لڑکی تھی، مجھ میں اعتماد کا فقدان ہوتا تھا، اس لیے مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ میں اداکاری نہیں کر سکتی لیکن پھر میں نے اداکاری کی تو مجھ میں اعتماد آنا شروع ہوا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں نے شوبز میں قدم رکھا تو پہلے دن ہی طے کرلیا تھا کہ ابتدائی طور پر مجھے پانچ سال کے لیے شوبز میں جانا ہے اور اب مجھے شوبز میں پانچ سال مکمل ہونے والے ہیں اور مستقبل کا پتا نہیں کہ کیا ہوگا لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں شوبز سے دور ہوجاؤں گی۔

میزبان عمران اشرف نے اداکارہ سے شادی سے متعلق سوال کیا جس پر لائبہ کا کہنا تھا کہ میں شادی کرکے زندگی آباد کرنا چاہتی ہوں اور اسی وجہ سے وہ شوبز بھی چھوڑ سکتی ہوں۔

ہمسفر میں پائی جانیوالی خصوصیات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لیے جسمانی خوبصورتی اہمیت نہیں رکھتی، میری خواہش ہے کہ میرا ہونے والا شریک حیات میری عزت کرے اور خاندان میں بھی عزت کروائے اور میرا ہر دکھ سکھ میں ساتھ دے۔