Light
Dark

ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں تھیٹر پلے ”کلیو“ اردو زبان میں پیش

 آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ آب و تاب سے جاری ہے۔

فیسٹیول کے 13 ویں روز تھیٹر ”کلیو“ اردو زبان میں آڈیٹوریم I میں پیش کیا گیا، ڈرامہ برطانوی تھیٹر ڈائریکٹر جوناتھن لین کا تھا جبکہ ہدایت کاری فرحان عالم صدیقی کی، ترجمہ روحی فاطمہ نے کیا۔

ڈرامے کی کاسٹ میں فاطمہ عادل، حسن عالم، علی رضا، دلبود رحیم، اجنیش ڈوڈیجا، زوبی فاطمہ، ارسلان ملک اور محمد عاصم شامل تھے۔

”کلیو“ کی کہانی قتل کے اسرار کے گرد گھومتی ہے، کلاسک بورڈ گیم کو ”کلیو“ میں زندہ کیا گیا ہے جس میں 6 مہمانوں کو ایک خفیہ میزبان کی جانب سے عشائیے پر مدعو کیا جاتا ہے۔

مہمانوں کو کرنل مسٹرڈ، مسز وائٹ، مسٹر گرین، مسز پیکاک، پروفیسر پلم اور مس سکارلیٹ کے فرضی نام دیئے جاتے ہیں، اگرچہ انہیں ذاتی معلومات کسی اور کو بتانے سے منع کیا جاتا ہے مگر جلد ہی انکشاف ہوجاتا ہے کہ سب لوگ میزبان کے ہاتھوں بلیک میلنگ کا شکار ہوچکے ہیں، پھر تمام لوگوں کو ہتھیار دیا جاتا ہے اور آپشن دیا جاتا ہے کہ اپنے بلیک میلر کو دوگنی ادائیگی کریں یا بے قصور بٹلر کو مار ڈالیں۔

اس کے بعد کی شام پاگل پن، مزاح اور قتل سے بھرپور ہوتی ہے جہاں ہر مجرم قاتل کو تلاش کرنے کی کوشش میں الجھتا رہتا ہے۔

شائقین نے ڈرامے کی منفرد کہانی کو بہت پسند کیا اور شاندار پرفارمنس پر خوب داد دی۔

واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ 2 نومبر تک جاری رہے گا جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، آرٹس کونسل کے ممبران 50 فیصد رعایت پر آرٹس کونسل سے بآسانی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔