اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد کی تزئین و آرائش کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ محسن نقوی نے ریڈ زون اور وی وی آئی پی روٹس کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ اہم شاہراؤں کے اطراف دیدہ زیب لینڈسکیپنگ کی جائے۔ انہوں نے شہر بھر کو پھولوں اور فینسی لائٹس سے سجانے کے احکامات بھی دیے۔
جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش کے فنشنگ کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے تعمیراتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے۔
اجلاس میں سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنے کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈینگی کی روک تھام کے لیے کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی کے درمیان مشترکہ کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو مزید بہتر کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہونے والے مقامات کے اطراف میں سرویلینس بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اجلاس میں ایس سی او سربراہی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔