طوفان کا پاکستان سے ٹکرانے کا کہنا انتہائی قبل از وقت ہے: چیف میٹرولوجسٹ
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کا پاکستان کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا کہنا انتہائی قبل از وقت ہے۔
نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے بحیرۂ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کا الرٹ جاری کیا، الرٹ کے مطابق اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ممکنہ طور پر طوفان پاکستان کا رخ کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان اب تک بنا ہی نہیں ہے، 9 یا 10 اکتوبر تک بحیرۂ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباو بن سکتا ہے، اگر سازگار موسمی حالات ملتے ہیں تو ہوا کا کم دباو شدت اختیار کر سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کے بعد بننے والے اکثر سمندری طوفان عمان کی جانب ہی جاتے ہیں، اس سسٹم کو شدت اختیار کرنے میں 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی کہا کہ طوفان بننے کے بعد ہی اس کے ممکنہ ٹریک کو واضح طور پر بتایا جا سکتا ہے۔