کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی تحقیقات کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے ایک مختصر رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، دھماکہ ایئرپورٹ کی ڈپارچر روڈ پر کیا گیا، جہاں ایک وی بی آئی ای ڈی (ویہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس) کا استعمال کیا گیا۔ چائنیز وفد کو نشانہ بنانے کے لیے اس دھماکے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کچھ زخمی ہوئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کرائم سین سے مختلف شواہد اکٹھے کیے ہیں، جن میں 70 سے 80 کلو بارودی مواد کا استعمال شامل ہے۔
ملنے والے سیمپلز کو ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔ ایسٹ ویسٹ اور ساوتھ بی ڈی کے افسران نے یہ رپورٹ تیار کی ہے، جو اس واقعے کی تفصیلات فراہم کرتی ہے۔