Light
Dark

پاکستان تحریک انصاف آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے فلسطین پر حکومت کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں پی ٹی آئی کو حکومت کی طرف سے دعوت نامہ مل گیا تھا، تاہم پارٹی قیادت کی اکثریت نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کی رائے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ سیاسی صورت حال کو مدنظر رکھ کر پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بیرسٹر گوہر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے انھیں دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے، اور اے پی سی میں شرکت سے متعلق پارٹی قیادت سے مشاورت ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج 7 اکتوبر کو یوم یکجہتئ فلسطین کے طور پر منانے اور آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جماعت اسلامی (جے آئی) کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا۔ آج 7 اکتوبر کو ہونے والی تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمان، سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی حیدر آباد کے تحت آل پارٹیز فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی، اور سربراہ حماس اسماعیل ہنیہ، حزب اللہ کے لیڈر حسن نصر اللہ، شہداے فلسطین و لبنان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔