Light
Dark

چینی باشندوں پر حملے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کس کی تھی ؟

کراچی: ائیر پورٹ کے قریب چینی باشندوں پر حملے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کس کی تھی ، پولیس نے پتہ لگالیا۔
کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب خودکش دھماکے میں استعمال گاڑی کی معلومات حاصل کرلی گئیں ، تفتیشی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردوں نے ڈبل کیبن گاڑی کراچی سے خریدی تھی اور ڈبل کیبن گاڑی شاہ فہد کے نام پر رجسٹر ہے۔
اس سے قبل تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری ڈبل کیبن گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرائی، حملہ آور ٹریفک سگنل پر چینی باشندوں کے قافلے کے نکلنے کا انتظار کررہا تھا
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی میں ستر سے اسی کلو بارودی مواد موجود تھا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ بم پروف گاڑی بھی شدید متاثر ہوئی، دو چینی انجینئرز ہلاک ہوئے۔۔ ایک زخمی ہوا اور دیگر سولہ زخمیوں میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ دھماکے کے نتیجے میں تیرہ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
سندھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے جائے وقوعہ کا دوبارہ جائزہ لیا، علاقے کی جیوفینسنگ کے ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جمع کی جارہی ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے اور دھماکے سے مجموعی طور پر 12 گاڑیاں کو نقصان پہنچا، متاثرہ گاڑیوں میں ایک پولیس موبائل اور2رکشے شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹ کے قریب دھماکا چینی شہریوں کے قافلے کے گزرنے کے دوران ہوا، دھماکا شہر میں دور دور تک سنا گیا، ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق چینی شہری بیجنگ سے چائنا ائیر اور تھائی ائیر کی پروازوں سے کراچی پہنچے تھے۔