کراچی: کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جرائم کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے 25 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ ان مقابلوں کے دوران 3 ملزمان ہلاک جبکہ 32 زخمی ڈاکوؤں سمیت 43 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
کراچی پولیس نے اس ہفتے کے دوران 917 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کی گئیں، جن میں 42 کلو 973 گرام چرس، 1 کلو 92 گرام آئس/کرسٹال، اور ہیروئین شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان سے 146 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 53 موٹرسائیکلیں اور 2 گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔ یہ کامیاب کارروائیاں کراچی پولیس کی جانب سے شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے کیے جانے والے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔