متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز ایمریٹس نے دوران پرواز مسافروں پر پیجرز اور واکی ٹاکی لے جانے پر پابندی عائد کر دی۔ گزشتہ ماہ لبنان میں حزب اللہ کے زیرِ استعمال پیجرز اور واکی ٹاکی پھٹنے سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایمریٹس ایئرلائنز نے آج اپنی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا کہ دبئی یا اس کے راستے جانے والے تمام مسافروں کو دوران پرواز اپنے سامان میں پیجرز یا واکی ٹاکی لے جانے پر پابندی ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مسافر کے سامان میں جو بھی ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئی تو اسے دبئی پولیس سخت حفاظتی اقدامات کے تحت ضبط کر لے گی حزب اللہ کو مہلک پیجرز کی فراہمی میں بھارتی شہری ملوث نکلا , یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حزب اللہ کے ہزاروں پیجرز اور سیکڑوں ریڈیو پھٹ گئے تھے۔ ان حملوں کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا لیکن اس نے اب تک تردید یا تصدیق نہیں کی۔
ایمریٹس ایئرلائنز نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ عراق اور ایران کیلیے پروازیں منگل تک معطل رہیں گی جبکہ اردن کیلیے پروازیں اتوار کو دوبارہ شروع ہوں گی۔
بیروت کے ہوائی اڈے کے قریب حملوں سمیت حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کی وجہ سے لبنان کیلیے پروازیں 15 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔
کئی دیگر ایئر لائنز نے بھی شدید کشیدگی کے درمیان بیروت اور دیگر علاقائی ہوائی اڈوں کیلیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔