Light
Dark

پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی)کو پاکستانی فضائی حدود سے متعلق اہم ہدایات جاری

کراچی : ایران پر ممکنہ اسرائیلی حملے کے خدشے کے پیش نظر پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی)کو پاکستانی فضائی حدود سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی کو خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی کڑی نگرانی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی ممکنہ حملے کے پیش نظر اے ٹی سی کو کہا گیا ہے کہ ایران اور مغربی سمت سے پاکستان آنے والی پروازوں سمیت ہر چیز پر گہری نظر رکھی جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیے جا رہے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی ایرانی کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد خطے میں وسیع جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اسرائیلی فوج نے دھمکی دی ہے کہ وہ ایرانی حملوں کا جواب دینے کی تیاری میں مصروف ہیں۔
اسرائیلی فوجی ترجمان کہہ چکے ہیں کہ تہران کے میزائل حملے کا جواب مناسب وقت پر ہوگا۔ امریکی میڈیا رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے جوابی حملے میں ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔