اسلام آباد بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت پاکستان میں ہونیوالے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان جائیں گے اور 15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں دو طرفہ ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات کچھ دنوں میں بتائی جائیں گی۔ واضح رہے پاکستان نے بھارت کو ایس سی او سربراہان سمٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھیجا تھا تاہم بھارت نے اپنا وفد پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اجلاس میں بھارت آن لائن شریک ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے تاہم ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق موصول ہوئی ہے، وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے۔