بھان سعیدآباد: بھان سعیدآباد پولیس نے 14 جولائی کو پیش آنے والے بلائنڈ قتل کے معمہ کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مقتول سکندر علی بگھیو کے قتل کے سلسلے میں پولیس نے ایک خاتون سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی جامشورو جناب ظفر صدیق کے احکامات پر، ڈی ایس پی سیہون احمد بخش راہوجو کی نگرانی میں ایس ایچ او بھان سعیدآباد عبداللطیف راجپر اور ون فائیو مددگار انچارج منظور دل کی ٹیم نے یہ کارروائی کی۔
مقتول کے لوائحین کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کے بعد بھان سعیدآباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل کی مدد سے تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی، جس کے نتیجے میں خاتون ملزمہ ریشماں بگھیو، عجیب شاہ اور نیاز شاہ کو گرفتار کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سکندر علی بگھیو کو خاتون ریشماں بگھیو نے پیسے دے کر قتل کرایا۔ گرفتار ملزمان نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے، جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔