Light
Dark

پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندیوں پر پہنچ گئی

پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندیوں پر پہنچ گئی۔ 100 انڈیکس پہلی بار تاریخ میں 83 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 810 پوائنٹس کا اضافے کے بعد  83 ہزار 531 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں انڈیکس 83 ہزار 605 پوائنٹس کی بلند سطح پر ٹریڈ ہوا۔ مارکیٹ میں پورا دن 20 ارب روپے مالیت کے  37 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا۔
جمعہ کے روز مارکیٹ میں پورا دن 201 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 167 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 76 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خوشخبری آئی تھی، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹیو بورڈ نے پاکستان کیلیے 7 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی تھی۔
پاکستان کیلیے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی مدت 37 ماہ ہوگی جبکہ اس کی پہلی قسط 30 ستمبر تک پاکستان کو ملنے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے، قرض کی منظوری کے ساتھ بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ بھی ختم ہوگیا ہے۔
انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ کی جانب سے پاکستان کو قرض کی پہلی قسط موصول ہونے پر زرِمبادلہ کے ذخائر میں نمایا اضافہ ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 15.98 ارب ڈالرز ہوگئے ہیں، اس وقت مرکزی بینک کے پاس زرِمبادلہ کے ذخائر 10.7 ارب ڈالرز ہوگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرض کی پہلی قسط ملنے پر زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھے، کمرشل بینکوں کے پاس 5.28 ارب ڈالرز کے ذخائر موجود ہیں۔