Light
Dark

پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند، موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل

پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند، موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

اسلام آباد کے 24 مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے ہیں، انتظامیہ کے مطابق جڑواں شہروں میں چلنی والی میٹرو بس سروس آج مکمل طور پر بند رہے گی۔

راولپنڈی صدر اسٹیشن تا پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس بند رہے، جڑواں شہروں کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹروبس سروس مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی مظاہرین کو روکنے کے لئے مکمل تیاری کر رکھی ہے، سکیورٹی کو حتمی شکل دے کر ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے آج ہونے والے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی پولیس نے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، اس مقصد کے لئے امن و امان یقینی بنانے کے لئے 4 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس تعینات رہے گی، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کے لئے خصوصی تربیت یافتہ دستے تعینات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور سے پی ٹی آئی کارکنان آج 10 بجے اسلام آباد ڈی چوک احتجاج کے لئے روانہ ہوں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ صبح 10 بجے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ سے روانہ ہو گا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا قافلہ صوابی انٹر چینج دیگر اضلاع کے قافلوں کے ساتھ شریک ہو گا، خیبر پختونخوا کے قافلے صوابی انٹر چینج سے 11 بجے علی امین گنڈاپور کی قیادت میں اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے، رکاوٹیں ہٹانے کے لیے بھاری مشینری قافلوں کے ہمراہ ہو گی۔