Light
Dark

کراچی کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے سندھ حکومت 2 ارب روپے خرچ کرے گی

کراچی کے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے سندھ حکومت نے 2 ارب روپے مختص کر دئیے،ایک ارب 40 کروڑ کراچی کی سڑکوں کی بہتری پر خرچ کئے جائیں گے۔40 ارب روپے سے انڈر پاسز اور پلوں کی مرمت کی جائے گی، جبکہ 20 کروڑ روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف مقامات پر لگی اسٹریٹ لائٹس کو جدید سسٹم سے لیس کیا جائے گا۔

سندھ حکومت کی دستاویزات کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر ہونے والے 33 کاموں کے ٹینڈرز کی اسکروٹنی مکمل کر لی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق بابائے خیبر روڈ سے مومن آباد پولیس اسٹیشن تک میٹروول پر موجود سڑک کی مرمت اور سیوریج کے نظام کی بحالی پر 8 کروڑ خرچ ہونگے۔شاہراہ اورنگی کی مرمت پر 8 کروڑ روپے خرچ ہونگے

حب ریور روڈ ،مدینہ الحکمت روڈ ،لال شہباز قلندر روڈ محمود روڈ کی مرمت اور سیوریج نظام کی بحالی پر 21 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔کشمیر روڈ ،چاندنی چوک اور کامران چورنگی کی مرمت پر 5 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔خوشحال روڈ ،راضی روڈ پی ای سی ایچ ایس اور ایکسپو سینٹر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک کی مرمت پر 5 کروڑ روپے خرچ ہونگے