Light
Dark

حکومت آئی پی پیز سے ڈیل کے قریب، جلد اچھی خبر متوقع

حکومت آئی پی پیز سے ڈیل کے قریب، جلد اچھی خبر متوقع

اسلام آباد: انرجی ٹاسک فورس آئی پی پیز سے ڈیل کے قریب، جلد اچھی خبر متوقع، حکومت 2025 تک تین تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق توانائی پر پاکستان کی ٹاسک فورس انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مذاکرات مکمل کرنے کے قریب ہے۔

سیکرٹری پاور ڈویژن فخر عالم عرفان نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کو آگاہ کیا کہ آئی پی پیز کے ساتھ زیادہ تر بات چیت مکمل ہو چکی ہے، جلد ہی ایک اعلان متوقع ہے۔

فخر عالم عرفان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم قانونی طور پر پابند ہیں اور ریلیف کے لیے یکطرفہ کارروائی نہیں کر سکتے تاہم اہم پیش رفت ہوئی ہے، جاری بات چیت میں کچھ آئی پی پیز کو مکمل طور پر بند کرنے کی تجاویز شامل ہیں جبکہ دیگر 10 سال تک کی فعال زندگی کے ساتھ کنٹریکٹ میں توسیع دیکھ سکتے ہیں جس کا مقصد صارفین پر بوجھ کم کرنا ہے۔