اسرائیل نے بیروت پر فضائی حملے میں حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کی ہلاکت کا دعویٰ کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کی ہے۔ حملے کا نشانہ حزب اللہ کے سینئررہنما ہاشم صفی الدین تھے، ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے متوقع سیکرٹری جنرل تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایسی اطلاعات تھیں کہ حزب اللہ کے شہید سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی جگہ ان کے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کویہ منصب دیا جائے گا۔
حزب اللہ نے تاحال اسرائیلی دعویٰ کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم ائیرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے اور دھوئیں کے بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔
اسرائیل نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کیلئے ہتھیار تیار کرنیوالے رہنما محمد یوسف انیسی کو بھی شہید کردیا ہے