اسلام آباد میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے بارڈر مینجمنٹ اور انسداد انسانی سمگلنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری اور آسٹریلین کیپیٹل ٹریٹری کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، خاص طور پر اس وقت جب پاکستانی کرکٹ ٹیم 30 اکتوبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہو گی۔
آسٹریلیائی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ کو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دستخط شدہ بیٹ پیش کیا، جبکہ دونوں رہنماوں نے خواتین کرکٹرز کے لیے بگ بیش لیگ میں شرکت کے سلسلے میں این او سی جاری کرنے پر بھی بات چیت کی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ بارڈر مینجمنٹ اور انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے ایک مکمل ٹیم مامور کی گئی ہے، اور اس ضمن میں ایف آئی اے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
آخر میں، دونوں فریقین نے دسمبر میں آسٹریلیا میں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا اور افغان مہاجرین کی آسٹریلیا منتقلی میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔