Light
Dark

عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔

اسرائیل کے ایران کی تیل تنصیبات پر حملے کے خدشات کے بعد عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت 73.31 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں برینٹ کروڈ 77.18 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس ایران کی تیل تنصیبات پر اسرائیل کے ممکنہ حملےکی حمایت کر چکا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جمعرات سے پہلے تک ایران پر میزائل حملوں کے جواب میں کسی حملے کی توقع نہیں ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران کی تیل تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی حمایت کریں گے تو امریکی صدر نے جواب دیا کہ ہم اس سلسلے میں بات چیت کر رہے ہیں۔
جوبائیڈن کے حالیہ بیان کے بعد تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اسرائیل کی طرف سے فوری طور پر کسی کارروائی کی توقع نہیں ہے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے لبنان حزب کو نشانہ بناتے ہوئے تحمل کے مطالبات پر بہت کم توجہ دی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی رات ایران کے میزائل حملے کے بعد اسرائیل میں سونے اور تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے، نہ صرف اسرائیل بلکہ عالمی منڈیوں میں سونے، تیل اور محفوظ سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہونے والی کرنسیوں جیسے کہ جاپانی ین اور سوئس فرانک کی قیمتوں میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔