Light
Dark

ٹم ساؤتھی کا کپتانی سے استعفیٰ، بھارت کیخلاف ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کریں گے

نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی کپتانی سے مستعفی ہوگئے، یہ فیصلہ انہوں نے سری لنکا میں ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد کیا۔

ساؤتھی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کوسری لنکا میں دونوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی تھی، جس کے بعد خود کو جوابدہ ٹھہراتے ہوئے ٹم ساؤتھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ٹم ساؤتھی کے مستعفی ہونے کے بعد ٹام لیتھم بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے،35سالہ فاسٹ باؤ لر نے سال 2022میں کین ولیمسن کے بعد ٹیم کی کپتانی سنبھالی اور 14ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔

اس حوالے سے ٹم ساؤتھی نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ قومی ٹیم کے مفاد میں کیا ہے،مستعفی کپتان نے اپنے بیان میں کہا کہ بلیک کیپس کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کو اولین ترجیح دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ ٹیم کے لیے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میدان میں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ٹیم کی بہترین خدمت کر سکتا ہوں تاکہ وکٹیں لیتا رہوں اور نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچز جتوانے میں مدد دے سکوں۔

ٹم ساؤتھی نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا،اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم بھارت کے خلاف 16اکتوبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے۔