Light
Dark

کار ساز حادثہ کیس، ملزمہ نتاشا کی منشیات کے مقدمے میں بھی ضمانت منظور

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے کارساز میں پیش آنے والے حادثے کی مرکزی ملزمہ کی انسدادِ منشیات کے مقدمے میں بھی ضمانت منظور کر لی۔

سندھ ہائیکورٹ میں ملزمہ کی جانب سے انسدادِ منشیات کے مقدمے میں ضمانت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمہ کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے کار ساز میں پیش آنے والے حادثے کے کیس میں فریقین میں رواں ماہ کے آغاز میں معاملات طے پا گئے تھے ، 6 ستمبر کو سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی شرقی کی عدالت نے ملزمہ کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی تھی۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی راہگیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کر لیا تھا۔