Light
Dark

وزیراعلیٰ کے پی نے مظاہرین سے پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروایا۔

پشاور: ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی نے مظاہرین سے پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروایا۔
علی امین گنڈاپور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مظاہرین سے پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروا دیا تھا، علی امین نے اہلکاروں کو عزت کے ساتھ اُسی وقت گھر روانہ کیا، پنجاب اور خیبر پختونخوا پولیس ہمارے بھائی ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ کےپی نے کہا کہ ہمارا کسی بھی ریاستی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں، پولیس اور دیگر ادارے پُرامن سیاسی کارکنوں پر تشدد سے گریزکریں،
انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کا قافلہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پُرامن تھا، مریم نواز نے پُرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کیلئے پولیس کا استعمال کیا،
فراز مغل نے کہا کہ پُرامن مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ کروائی گئی، شیلنگ اور فائرنگ سے متعدد تحریک انصاف کے کارکن زخمی ہوئے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب کی پولیس اتنی ہی قابل احترام ہے جتنی کہ خیبرپختونخوا کی ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مریم نواز سیاست کیلئے سرکاری اداروں اور اہلکاروں کا استعمال نہ کریں، ایسا نہ ہو مریم نواز کے پاس کل کو واپسی کا راستہ بھی نہ ہو۔