Light
Dark

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمال مشرقی/ وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھو ہار، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، میا نوالی، سرگودھا، خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد اور گرد و نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔