کراچی: آرٹس کونسل میں ورلڈ کلچرل فیسٹیول کا افتتاح گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیا۔ اس موقع پر ملکی اور غیر ملکی مندوبین نے ریڈ کارپٹ پر شرکت کی۔
صوبائی وزیر ثقافت سندھ، ذوالفقار علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “احمد شاہ نے جو کہا تھا، آج واقعی بین الاقوامی فنکار آرٹس کونسل میں موجود ہیں۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا تاثر غلط ہے اور اس فیسٹیول کے ذریعے کراچی سے پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آئے گا۔
ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ “موسیقی اور آرٹ پیار کی زبان سمجھی جاتی ہے، اور دوسرے صوبوں کو بھی اس طرح کے کلچرل پروگرامز کرنے چاہئیں۔” ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے پیار کا پیغام جائے گا، اور سندھ حکومت کا تعاون آرٹس کونسل کراچی کے ساتھ جاری رہے گا۔
یہ فیسٹیول ثقافتی تبادلوں اور فنون لطیفہ کی ترویج کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔