اسلام آباد: اگرچہ میثاق جمہوریت میں ایک وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی بات موجود ہے لیکن ساتھ ہی اس میں تمام خفیہ اداروں کے سیاسی ونگز کو ختم کرنے اور انہیں منتخب حکومت کے سامنے جوابدہ بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں کے وعدے کا ذکر بھی موجود ہے۔
میثاق جمہوریت پر تمام سیاسی جماعتوں نے بھی دستخط کیے تھے، اس معاہدے پر جزوی طور پر عمل کیا گیا ہے لیکن 18 برسوں کے باوجود اس میں شامل کیے وعدے اب تک وفا نہیں ہو پائے۔
سول ملٹری تعلقات کے بارے میں میثاقِ جمہوریت (چارٹر آف ڈیموکریسی) میں وعدہ کیا گیا تھا کہ ایم آئی، آئی ایس آئی اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں بالترتیب وزیراعظم سیکرٹریٹ، وزارت دفاع، اور کابینہ ڈویژن کے ذریعے منتخب حکومت کو جوابدہ ہوں گی۔