ہر سال ستمبر میں منایا جانے والا عالمی میری ٹائم ڈے اس سال “نیویگیٹنگ دی فیوچر سیفٹی فرسٹ” کے موضوع کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جو محفوظ سمندری ماحول کے لیے میری ٹائم سیفٹی اور سیکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ دن انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کی خدمات کا بھی اعتراف کرتا ہے، خاص طور پر بین الاقوامی کنونشن برائے سیفٹی آف لائف ایٹ سی (سولیس) کی اہمیت کو، جو بحری جہازوں کے حفاظتی معیارات کو یقینی بناتا ہے۔
پاک بحریہ اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ریجنل میری ٹائم پیٹرول کے لیے اپنے بحری جہازوں کو سمندر میں تعینات کرتی رہے گی۔ پاکستانی سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کے جہاز بحیرہ عرب میں گشت کرتے ہیں اور قومی و عالمی مال بردار جہازوں کی فضائی نگرانی کو یقینی بناتے ہیں۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی بھی سمندر میں قانون کے نفاذ اور ملک کے بحری مفادات کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس کی بنیادی ذمہ داریوں میں میری ٹائم ہوم لینڈ سیکیورٹی، قومی و عالمی قانون کی عملداری، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور سمندر کا تحفظ شامل ہیں۔
پاکستان نیوی ہائیڈروگرافک ڈپارٹمنٹ، نیشنل انسٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز اور جوائنٹ میری ٹائم کوآرڈینیشن سینٹر بھی پاکستانی سمندری تجارت اور سمندری گذرگاہوں کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
یہ دن ہم سب کو یاد دلاتا ہے کہ سمندروں کی حفاظت اور ان کی اہمیت کو سمجھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔